مَیں نے انسانوں، بچوں، عورتوں چاہے اُن کی عمر جتنی بھی ہو، اور وہ کسی بھی علاقے یا طبقے سے آئے ہوں، اُن سب سے تعلق اچھا بنانے کی خاطر صرف دو چیزیں استعمال کی ہیں: ایک محبت دوسری کھانا۔ انسان کو ماں کے پیٹ سے لے کر مرنے تک اِن دو چیزوں سے بڑھ کر کوئی شے درکار نہیں ہوتی۔
ایک ننھے بچے کو کھانا کھلائیں، وہ آپ سے محبت کرے گا۔ ایک جوان کی دعوت کریں، آپ کی عزت کرے گا۔ بوڑھے فقیر کو روٹی دیں، آپ کا قدردان ہوگا۔ کھانا اور محبت دونوں ایک دوجے سے بنے ہیں۔ آپ کسی سے محبت کرنا چاہتے ہیں، اُسے کھانا کھلائیں! آپ سے محبت کرے گا۔ انسان کو جہاں سے محبت اور کھانا ملتا ہے، اُس کا دل وہاں جانا چاہتا ہے۔ آپ کو اپنے گھر سے کھانا نہ ملے، آپ وہاں دل سے نہیں جائیں گے۔ کسی کے گھر آپ کو پُرمحبت خوراک ملنے کی امید ہو، آپ چلے جائیں گے۔
دیوان سنگھ مفتون کی دیگر مضامین:
عورت اور بناو سنگار
دریاوں کے پانی کا مہمان نوازی پر اثر
معقولیت باعثِ اطمینان
وضع داریاں
دیوان سنگھ مفتون کی ایک پرانی تحریر
مَیں اپنے دوستوں اور چھوٹے بچوں سے محبت استوار رکھنے کے لیے کوئی بہت زیادہ تکلف نہیں کرتا۔ اُنھیں ذرا خوش ہو کر کھانا کھلا دیتا ہوں، چاہے اُبلے آلو ہی میرے پاس ہوں…… اور مَیں اُن کے دل میں اپنے لیے محبت پاتا ہوں۔
ایک بچے کو اگر ماں کھانا نہ دے، یا کم دے، تو اُس کے دل میں اپنی ماں کے لیے نفرت ہوگی۔ اکثر ریاست (اخبار) میں کسی اہم شخصیت کے بارے کوئی ایسی خبر ہوتی ہے، جسے وہ ناپسند کرتے ہوئے میرے دفتر چلے آتے ہیں۔ مَیں اُن کے سامنے کوئی انوکھی مزاحمت اور عذر پیش نہیں کرتا، بلکہ سب سے پہلے چائے یا کھانا پیش کرتا ہوں اور پھر صحافت اور حق گوئی کی اہمیت پر چند گزارشات بیان کیے دیتا ہوں۔ اُس کے بعد مجھے وہ مطمئن اور کدورت سے پرے نظر آتے ہیں۔
انسان سے محبت کرنے اور اُسے اپنا بنانے کے لیے سب سے عظیم کام اُسے کھانا کھلانا ہے، اور کھانے سے مراد وہ کھانا ہے جو آپ کے پاس موجود ہے، بہ آسانی دست یاب ہے۔ پُرتکلف کھلانے کی چاہت میں آپ اکثر کھانا کھلا ہی نہ سکیں گے۔ خالی پیٹ اور خشک ہونٹوں سے کوئی آپ سے محبت نہیں کرے گا۔ انسان کی فطرت ہی ایسی بنائی گئی ہے۔ دنیا کا قدیم دستور ہے کہ جہاں انسان کھانے کو پاتا ہے، وہاں بستا ہے۔ دوسری چیزیں وہ دوسرے علاقوں سے بھی لے آتا ہے، لیکن کھانا پانی وہ اپنے گھر سے چاہتا ہے، اپنے قریب سے۔ محبت پیدا کرنے کا سب سے گہرا راز جو مَیں نے اس عمر سے پایا ہے، وہ کھانا کھلانا ہے۔
دیوان سنگھ مفتون،
ایڈیٹر ’’ریاست اخبار‘‘،
1960ء،
دہلی۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔