صحت مند زندگی گزارنے کیلئے روزانہ مناسب مقدار میں وٹامنز لینا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ انواع و اقسام کے پھل اور سبزیاں اور وٹامنز حاصل کرنے کا یہ بہترین ذریعہ ہیں۔ نظام انہضام سے لے کر دل و دماغ، اعصاب و عضلات کی بہتر اور مؤثر کارکردگی کیلئے مختلفوٹامنز کا خوراک میں شامل ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان وٹامنز میں ایک بہت ہی اہمیت رکھنے والا ’’وٹامن بی ون‘‘ یا ’’تھایامن‘‘ بھی ہے ۔ اس وٹامن کا تعلق ’’وٹامن بی‘‘ گروپ یا نسل سے ہے۔ بی کمپلیکس میں کل آٹھ وٹامنز ہوتے ہیں جبکہ وٹامن بی 9 کابھی اضافہ ہوا ہے ۔
وٹامن بی ون کو 1897ء میں دریافت کیا گیا تھا۔ یہ سفید قلمی پاؤڈر کے مشابہ تھا۔
اعصابی مرض بیری بیری وٹامن ’’بی ون‘‘ کی کمی سے پیدا ہوتا ہے۔ اس مرض کی عام علامات میں سے جسم کے نچلے حصہ کا کمزور ہوجانا، چلنے پھیرنے میں دشواری ، اعصابی کارکردگی کا متاثر ہونا، ہاتھوں اور پیروں میں درد و سوجن،دل کی غیر متواتر دھڑکن، اعضا کا سن ہوجانا یا ان میں سنسناہٹ کا احساس ہونا، یادداشت میں کمی اور بولنے میں دشواری اور باتوں کو بھول جانا،دل کے عضلات کا کمزور ہوجانا اور ہاضمہ کی خرابی شامل ہیں جبکہ اس کی کمی سے میٹابولک کوما اور موت تک واقع ہوسکتی ہے۔
وٹامن بی ون کا اثر کھانوں کو زیادہ درجۂ حرارت اور دیر تک پکانے سے ختم ہوجاتا ہے۔ اس وٹامن کو 1926ء میں باقاعدہ طور پر سائنسی طریقہ سے جدا کیا گیا تھا جبکہ 1936ء میں یہ دستیاب ہونے لگا۔ وٹامن بی وَن کا ابتدائی نام "Aneurin” یعنی اینٹی نیروٹک وٹامن رکھا گیا تھا، جس کی مدد سے مرض بیری بیری اور کوارشیکوف "Korsakoff” پر قابو پایا گیا۔ یہ دونوں بیماریاں اعصاب اور عضلات کو ناکارہ بنادیتی ہیں۔ وٹامن بی ون براؤن چاول جس کا چھلکا مشین میں زیادہ نہ ہٹایا گیا ہو، کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے جبکہ زیادہ سفید اور پالش شدہ چاولوں سے ’’وٹامن بی ون‘‘ ضائع ہوجاتا ہے۔
وٹامن بی ون یا تھایامن ہائیڈروکلورائڈ کی روزانہ مقدار بالغ مردوں کیلئے ایک اعشاریہ دو ملی گرام جبکہ خواتین کیلئے ایک ملی گرام سے لیکر ایک اعشاریہ ایک ملی گرام ہے۔ یہ تھیوری کہ مرض بیری بیری کا سبب جراثیم ہوتے ہیں، کو جاپانی نیوی کے ایک جنرل سرجن نے رد کیا تھا اور انہی کی کوششوں سے غذا میں مناسب تبدیلی کرکے بیری بیری کے مرض پر کافی حد تک قابو پاکر وٹامن بی ون کو تلاش کیا گیا۔ وٹامن بی ون دودھ، ٹراوٹ مچھلی، انڈے،گوشت، کلیجی، مختلف قسم کی پھلیاں، دالیں، سویابین، چاول، سورج مکھئ، بلیک بین، سفید لوبیا، سبز پتوں والی سبزیاں، گاجر اور مٹر وغیرہ کو اپنی خوراک میں شامل کرکے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
100 گرام ٹراوٹ مچھلی میں 0.34 ملی گرام، 100گرام سورج مکھئ کے بیچ میں 1.48 ملی گرام، 100 گرام پھلیوں میں 0.71ملی گرام، 100 گرام بریڈ میں 0.47ملی گرام، 100 گرام مٹر کے دانوں میں 0.28 ملی گرام، 100 گرام سویابین (بھنا ہوا) میں 0.43 ملی گرام، 100 گرام سفید لوبیا میں 0.24 ملی گرام، 100 گرام Asparagus میں 0.16 ملی گرام وٹامن بی ون پایا جاتا ہے۔
اپنی خوراک میں پھل فروٹ اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے صحتمند زندگی گزاریں اور خوش و خرم رہیں۔