گورنمنٹ کالج اپنے اعلیٰ تعمیری تعلیمی سلسلے کی وجہ سے ہر دور میں اچھے طالب علموں کا ولین انتخاب رہا ہے۔
1864ء میں گورنمنٹ کالج کی بنیاد جی ڈبلیو لیٹنر (Dr. GW Lietner) نے رکھی جو کہ کنگز کالج لندن میں پروفیسر تھے۔ انہیں کالج کا پہلا پرنسپل مقرر کیا گیا۔ ابتدا میں کالج راجہ دھیان سنگھ کی حویلی سید مٹھا بازار کے ایک احاطے میں بنایا گیا۔ 1865ء میں ایف اے کے امتحان کے لیے چند طلبہ کو کلکتہ بھیجا گیا۔ کیوں کہ اس وقت پنجاب میں کوئی یونیورسٹی نہیں تھی۔ 1870ء کو لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کالج قائم ہوا۔ 1871ء میں کالج کو دھیان سنگھ حویلی سے انار کلی منتقل کر دیا گیا۔
کالج کی موجودہ عمارت کا ڈیزائن سپرنٹنڈنٹ انجینئر ڈبلیو پرڈن نے تیار کیا۔ رائے بہادر کنہیا لال نے 3,20,573 روپے کی لاگت سے اس کو تعمیر کیا۔ 1872ء میں شروع ہونے والی تعمیر پانچ سال کے عرصے میں مکمل ہوئی۔ 1874ء میں مولانا محمد حسین آزاد کا یہاں تقرر ہوا، تو انہوں نے کالج کی شہرت کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ 1876ء میں کالج موجودہ عمارت میں منتقل ہوا۔
گورنمنٹ کالج شاعرِ مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کی بھی مادر علمی رہا اور انہوں نے یہاں درس و تدریس کے فرائض بھی سرانجام دیے۔
گورنمنٹ کالج کا میگزین ’’راوی‘‘ ہر دور میں اہلِ ادب کے حلقوں میں سراہا گیا ہے۔ (کتاب "لَہور، لَہور ہے” از عبدالمنان ملک صفحہ نمبر 64 سے انتخاب)