ٹی ٹوینٹی میں ایک نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ اس مختصر فارمیٹ میں سب سے مختصر سکور بنا ہے، جب آئیل آف مین (Isle of Man cricket team) کی پوری ٹیم سپین کے خلاف صرف 10 رن بنا کر آوٹ ہوگئی۔ یاد رہے کہ یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں بلکہ سپین میں کھیلا جانے والا ایک باقاعدہ بین الاقوامی میچ ٹی ٹوینٹی تھا۔
آئیل مین دراصل برطانیہ اور آئر لینڈ کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے، جس کی کرکٹ ٹیم 2017ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بطور ایسوسی ایٹ رکنرجسٹر ہوئی۔
مذکورہ تاریخی میچ میں آئیل آف مین کے جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے جنھوں نے چار رن بنائے، جو مجموعی سکور کا 40 فی صد ہے۔ میچ میں 7 کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔
اس میچ کی ایک اور دل چسپ بات یہ بھی تھی کہ یہ سب سے جلدی ختم ہونے والا میچ بھی تھا۔ سپین کے اویس احمد نے پہلے اوور کی دو گیندوں پر یکے بعد دیگرے دو چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کروا دیا۔
(بہ شکریہ ’’روزنامہ مشرق، سپورٹس ایڈیشن‘‘، 2 مارچ 2023ء)