شاہ فہد مسجد ایک کلچرل سنٹر بھی ہے، جو ارجنٹائن کے دارالخلافہ ’’بیونس آرئس‘‘ میں واقع ہے۔ یہ جنوبی امریکہ کی سب سے بڑی مسجد ہے۔ اس کا رقبہ 365986 مربع فٹ ہے۔ ارجنٹائن کے صدر ’’کارلوس مینم‘‘ نے 1995ء میں یہاں ایک قطعہ مسلمانوں کو بطورِ عطیہ دیا تھا، تاکہ وہ اس جگہ ایک مسجد اور ثقافتی مرکز تعمیر کرسکیں۔
اس مسجد کا ڈیزائن ایک سعودی آرکی ٹیکٹ زہیر فیض نے تیار کیا۔ اس میں 1600 نمازی بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں، جب کہ 500 خواتین کے لیے نماز کی علاحدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔ مسجد کے دو مینار ہیں۔ یہ کافی وسیع اور خوبصورت ہے۔
مسجد کے ساتھ بچوں کے لیے پرائمری اور سیکنڈری سکول بھی بنائے گئے ہیں، جہاں بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ اس مسجد کی تعمیر پر 30 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔
بیونس آرئس میں زیادہ تر شام، لبنان اور آرمینیا سے آئے ہوئے مسلمان رہائش پذیر ہیں۔ ارجنٹائن کے صدر ’’کار لوس مینم‘‘ خود بھی شامی نژاد مسلمان تھے، کلیسا کے ہتھے چڑھ کر کیتھولک فرقے کے حلقہ بگوش ہوگئے تھے۔