سوات میں امن کے قیام کے حوالے سے جانی پہچانی تحریک ’’سوات اولسی پاسون‘‘ کے سرکردہ رکن فواد خان یوسف زئی لاپتا ہوگئے۔
’’سوات اولسی پاسون‘‘ کے بانی رکن آفتاب خان یوسف زئی نے اپنی فیس بک وال پر باقاعدہ طور پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس کے مطابق فواد خان یوسف زئی کل شام سے لاپتا ہیں۔ انھوں نے سیکورٹی اداروں سے فواد خان یوسف زئی کی بازیابی کی درخواست کی ہے۔
دوسری طرف فواد خان یوسف زئی کے والد نذیر خان نے تھانہ کانجو میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ ان کا بیٹا کل شام سے لاپتا ہے۔ نذیر خان کے بقول ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس (فیس بک اور ٹویٹر) پر فواد خان یوسف زئی کے حوالے سے دھڑا دھڑ پوسٹیں شیئر کی جا رہی ہیں جن میں فواد خان کی جلد از جلد بازیابی کے حوالے سے ریاستی اداروں سے اپیل کی جا رہی ہے۔ ہیش ٹیگ #IStandWithFawad فیس بک میں ٹرینڈ پر ہے۔