سوات میں نامعلوم افراد نے مسیحی برادری کے واحد قبرستان میں قبروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے تین قبروں کو مسمار کردیا۔ قبروں کی بے حرمتی کے خلاف مسیحی برادری نے مکان باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماؤں شکیل صادق، رابرٹ جان، احتشام مسیح اور ولیم مسیح نے کہا کہ ہم پاکستانی اور سوات کے باشندے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس قبرستان میں ہمارے پانچ مُردوں کی قبریں ہیں۔ نامعلوم افراد نے اُن میں سے تین قبروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ان کو ہم وار کردیا ہے۔ قبروں کی بے حرمتی کرنے والے افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ نیز سوات میں مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
فیاض ظفر کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/fayaz-zafar/
سوات میں مسیحی برادری کے 200 سے زاید خاندان آباد ہیں۔ اُن کا قبرستان نہ ہونے کی وجہ سے یہ برادری اپنے مردے دفنانے کے لیے اٹک یا پشاور لے کر جاتے تھے۔ اگر کوئی غریب انتقال کرتا، تو پھر برادری کے لوگ اُن کے کرایے کے لیے چندہ کرتے تھے۔ قبرستان کے لیے شدید احتجاج کے بعد اُس وقت کے صوبائی وزیر اقلیتی امور وزیر زادہ نے اخون بابا سیدو شریف میں مسیحی برادری کے لیے چار کنال پانچ مرلے کی زمین خریدی تھی جس کی چار دیواری بھی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی۔ مسیحی برادری کے قبرستان کے لیے زمین ضلعی انتظامیہ نے سیکشن فور کے ذریعے جون 2022ء میں حاصل کی تھی، مگر ابھی تک زمین کے مالک کو رقم کی ادائی نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے سیدو شریف پولیس کا کہنا ہے کہ اُن کو شک ہے کہ یہ حرکت زمین کے مالک نے حکومت سے رقم کے حصول کے لیے کی ہوگی، تاہم اس بارے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے اس واقعے کے بارے میں بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سیدو شریف میں نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ PPC-297 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو جلد ملزمان تک پہنچ کر اُنھیں گرفتار کرے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستانی ہونے کے ساتھ ساتھ سوات کے باشندے بھی ہیں۔ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ مسیحی برادری کی قبروں کی بے حرمتی کرے یا اُن کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔