معلوماتِ عامہ کے حوالے سے مشہور و معروف انگریزی ویب سائٹ "wtffunfact.com” کی ایک تحقیق کے مطابق کسی بھی ہوائی جہاز میں سب سے زیادہ سواریاں لے جانے کا ریکارڈ سنہ 1991ء کو اُس وقت بنا جب اتھوپیا سے 1086 یہودیوں کو نکال کر یروشلم لے جایا گیا۔ اس مقصد کے حصول کے لیے جہاز ’’بوئنگ 747‘‘ کا سہارا لیا گیا۔
وکی پیڈیا کی ایک تحقیق کے مطابق ’’بوئنگ 747‘‘ میں نارمل حالات میں 416 مسافروں کو باآسانی کھپایا جاسکتا ہے۔ ضرورت کے وقت اس میں 524 مسافر بھی کھپائے جاسکتے ہیں بلکہ انتہائی حد 660 مسافروں کو کھپانے کی ہے۔ اس شرح کو دیکھتے ہوئے واقعی 1086 مسافروں کو کھپانا اور انہیں بخیر و عافیت منزل مقصود تک پہنچانا ایک بڑے دل گردے کا کام ہے۔
"wtffunfact.com” کی تحقیق اس وقت دلچسپ موڑ لے لیتی ہے جب جہاز پر ایتھوپیا سے سوار ہوتے وقت مسافروں کی تعداد 1086 درج بتائی جاتی ہے، مگر سفر کے دوران میں ان کی تعداد میں دو سواریوں کا مزید اضافہ ہوجاتا ہے اور یروشلم میں 1088 مسافر اترتے ہیں۔
اگر نہیں سمجھے، تو چلیے ہم یہ معمہ حل کیے دیتے ہیں کہ دورانِ سفر دو حاملہ عورتیں بچے جنتے ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں میں دو ننھی سواریوں کا اضافہ ہوجاتا ہے۔