عام طور پر ’’گذشتہ‘‘ (فارسی، اسمِ صفت) کا اِملا ’’گزشتہ‘‘ درج کیا جاتا ہے۔
’’فرہنگِ عامرہ‘‘ اور ’’اظہر اللغات (مفصل)‘‘ کے مطابق صحیح اِملا ’’گذشتہ‘‘ ہے جب کہ اس کے معنی ’’پچھلا‘‘، ’’ماضی‘‘ اور ’’گزرنے والا‘‘ کے ہیں۔
طرفہ تماشا یہ ہے کہ صاحبِ آصفیہ و نور دونوں نے ’’گزشتہ‘‘ (زے سے) کو صحیح اِملا مانا ہے۔ دوسری طرف ’’علمی اُردو لغت (متوسط)‘‘ میں یہ عجیب بات دیکھنے کو ملتی ہے: ’’گزاشت: گذاشتن مصدر سے ماضی۔‘‘ یعنی ’’گزاشت ’’زے‘‘ سے رقم ہے جب کہ مصدر گذاشتن ’’ذال‘‘ سے۔
اس حوالے سے سب سے مستند حوالہ رشید حسن خان کی کتاب ’’اُردو کیسے لکھیں؟ (صحیح اِملا)‘‘، مطبوعہ ’’رابعہ بُک ہاؤس‘‘ کے صفحہ نمبر 32 پر کچھ یوں ہاتھ آتا ہے: ’’فارسی کے پانچ مصدر ہیں: گذشتن، گذاشتن، گذاردن، پذیرفتن اور گزاردن۔ شروع کے چاروں مصدروں میں ذال ہے اور آخری مصدر میں زے ہے۔ ان سے جو لفظ بنتے ہیں، ان کے لکھنے میں اکثر غلطیاں دیکھنے میں آتی ہیں۔ گذشتن، گذاشتن، گذاردن…… یہ تینوں مصدر ایک گروپ کے ہیں۔ ان سے جتنے لفظ بنیں گے، ان سب کو ہمیشہ ذال سے لکھا جائے گا۔ اس طرح گذشتہ، یارانِ گذشتہ، زمانۂ گذشتہ، گذشتگان، رفت و گذشت، سرگذشت، واگذاشت، گذرگاہ، راہ گذر، درگذر، راہ گذار، نیزہ گذار، گذراں، عمرِ گذراں، گذار۔
یہ بات ذہن میں رکھنا چاہیے کہ چلنے، چھوڑنے اور پار کردینے کے معنی میں گذاردن، گذاشتن، گذشتن کو اور ان کے مشتقات کو ذال سے لکھا جائے گا۔ ’’گذشتہ‘‘ کے معنی ہیں: گزرا ہوا۔
یارانِ گذشتہ: وہ دوست جو اس دنیا سے جا چکے ہیں۔
سرگذشت: گزری ہوئی باتیں، ردواد۔
راہ گذر: راستہ۔
عمرِ گذراں: گزرتی ہوئی عمر۔
گذرگاہ: گزرنے کی جگہ۔
بوئے گل، رنگِ چمن اور یہ عمرِ گذراں
سب ٹھہر جائیں گے، کوئی اُسے روکے تو سہی
گذشتگانِ زمانہ کا ذکر تم نہ کرو
یہی غم و الم اُس روزگار میں بھی تھا
بیٹھے ہیں دل کے بیچنے والے ہزار ہا
گزری ہے اُس کی راہ گذر پر لگی ہوئی
’’گزاردن‘‘ کو جب زے سے لکھا جائے گا، تو اُس کے معنی ہوں گے: پیش کرنا، ادا کرنا، شرح کرنا۔ اس سے جتنے لفظ بنیں گے، اُن کو لازماً زے سے لکھا جائے گا، جیسے: گزارش، نماز گزار، خدمت گزار، مال گزار، شکر گزار، عبادت گزار۔
’’پذیرفتن‘‘ کے معنی ہیں: قبول کرنا۔ اس میں ذال ہے۔ اس سے بننے والے سب لفظوں کو ذال سے لکھا جائے گا، جیسے: پذیرفتہ، پذیرا، پذیرائی، دل پذیر، اثر پذیر، رقم پذیر، خلل پذیر۔
اُردو کے مصدر گزرنا، گزارنا میں زے ہے۔ ان سے جتنے لفظ بنیں گے، سب میں لازماً زے لکھی جائے گی، جیسے: گزرا، گزرا ہوا، گزر گیا، گزرتے رہنا، گزار دینا، گزار لینا، گزارا، گزر بسر، گزار دینا، گزرتے رہنا۔
اے شمع، تیری عمرِ طبیعی ہے ایک رات
ہنس کر گزار، یا اُسے رو کر گزار دے