وکی پیڈیا کے مطابق اسماعیل انور پاشا (Ismail Anwar Pasha)، مشہور ترک سیاست دان، 4 اگست 1922ء کو ’’بخاری عوامی سوویت جمہوریہ‘‘ میں انتقال کرگئے۔
22 نومبر 1881ء کو استنبول (ترکی) میں پیدا ہوئے۔ 1908ء میں ’’انجمنِ اتحاد و ترقی‘‘ کے رہنما کی حیثیت سے سلطان عبدالحمید ثانی کو معزول کرانے میں سرگرم حصہ لیا۔ 1917ء میں جنگِ طرابلس میں عرب قبائل کو منظم کرکے اطالیہ کے خلاف زبردست مزاحمت کی۔ 1912ء کی جنگِ بلقان میں بہادری سے لڑے اور ترقی کرکے وزیرِ جنگ بن گئے۔ سلطنت کا کاروبار چلانے والے تین اہم پاشاؤں میں سے ایک تھے۔ پہلی جنگ عظیم میں ’’گیلی پولی‘‘ اور ’’در دانیال‘‘ کی حفاظت کی۔ 1918ء میں وزارت سے الگ کر دیے گئے اور ’’بسماچی تحریک‘‘ کے تحت مسلم وسطِ ایشیا میں ہونے والی بغاوت میں شرکت کے لیے بخارا آ گئے۔ وہاں روسی جارحانہ سرگرمیوں کے خلاف مزاحمتی تحریک میں بھرپور شرکت کی اور اسی تحریک کے دوران میں لڑتے ہوئے انتقال کرگئے۔