وکی پیڈیا کے مطابق قاسم سلیمانی (Qasem Soleimani) مشہور ایرانی میجر جنرل، 11 مارچ 1957ء کو کرمان، ایران میں پیدا ہوئے۔
ایران عراق جنگ کے دوران میں لشکر 41ثار اللہ کرمان کے قائد تھے۔ 24 جنوری 2011ء کو میجر جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ سید علی خامنہ ای رہبر معظم ایران نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انھیں شہید زندہ کا خطاب دیا اور بعد از مرگ انہیں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی۔
سلیمانی نے لبنان میں حزب اللہ کی عسکری قوت و تربیت، جنوبی لبنان سے اسرائیل کی پسپائی، جنگِ افغانستان، صدام حسین کے بعد عراق میں سیاسی اور سفارتی فضا کی تشکیلِ نو، شام کی خانہ جنگی اور عراق میں داعش سے مقابلے میں اہم کردار ادا کیا۔ داعش سے مقابلے سے پہلے وہ منظرِ عام پر آنے سے گریز کرتے تھے، لیکن ان کی عراق میں موجودگی اور داعش سے نبرد آزمائی کے دوران میں حکومت ایران نے متعدد بار اُن کی عسکری کامیابیوں کی تصاویر کو شائع کیا جس سے ان کی شناخت عوام تک پہنچی اور لوگ نہ صرف یہ کہ ان سے متعارف ہوئے بلکہ انھیں چہرے سے پہچاننے لگے ۔ یہیں سے ان کی ہردل عزیزی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ میڈیا میں وہ عموماً ’’ظلی کماندار‘‘(Shadow Commander)کے لقب سے مشہور تھے۔
3 جنوری 2020ء کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب امریکی فضائی ڈرون حملے میں ابو مہدی المہندس اور دس دیگر افراد کے ہم راہ شہید ہوئے۔ اس حملے کا حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا تھا۔