وکی پیڈیا کے مطابق مدیحہ گوہر (Madeeha Gauhar) مشہور پاکستانی اداکارہ، 25 اپریل 2018ء کو لاہور میں انتقال کرگئیں۔ وہ تین سال سے معدے کے کینسر میں مبتلا تھیں۔
21 ستمبر 1956ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ اولاً علمِ فنون اور انگریزی میں اعلا تعلیم حاصل کی۔ پھر لندن یونیورسٹی سے تھیٹر سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔
1983ء میں اپنے خاوند، ڈراما نویس اور ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کے ساتھ لاہور میں ’’اجوکا تھیٹر‘‘ کی بنیاد رکھی، جہاں خود بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور متعدد سٹیج ڈراموں کے اسکرپٹ بھی لکھے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قایم تنظیم ’’اجوکا‘‘ ایشیا اور یورپ میں فعال ہے۔
مدیحہ گوہر کے اسٹیج ڈرامے سماجی اور معاشرتی حالات و واقعات پر مبنی ہوتے تھے۔ پاکستان سمیت بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور برطانیہ کے بھی کئی تھیٹرز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فن کار ہونے کے علاوہ بطورِ سماجی کارکن بھی کام کرتی تھیں۔ 2006ء میں نیدرلینڈ میں ’’پرنس کلوڈ ایوارڈ‘‘ سے نوازی گئیں۔2007ء میں ’’انٹرنیشنل تھیٹر پاستا ایوارڈ‘‘ بھی اپنے نام کیا۔