وکی پیڈیا کے مطابق بی آر چوپڑہ (B. R. Chopra) بالی وڈ فلم انڈسٹری کے نامور فلمساز اور ہدایت کار، 22 اپریل 1914ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔
بلدیو راج چوپڑہ کو پوری دنیا ’’بی آر چوپڑہ‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔ لاہور یونیورسٹی سے انگریزی لٹریچر میں ایم اے کیا لیکن تقسیمِ ملک کے بعد دہلی منتقل ہوئے اور بعد میں ممبئی آگئے۔ بحیثیتِ فلم ساز 1946ء میں کلکتہ میں فلم ’’چاندنی چوک‘‘ بنائی۔یہ قیامِ پاکستان کے بعد ’’دیوانے دو‘‘ کے نام سے سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔
فلمی دنیا میں اپنا سفر فلمی صحافی کے طور پر شروع کیا، لیکن بعد میں 1955ء میں اپنی فلم کمپنی بی آر فلمز کے نام سے شروع کی۔ 1978ء میں بنی فلم ’’گھر‘‘ میں اداکاری کی۔ ان کی ہدایت اور پروڈکشن میں کئی کامیاب فلمیں بنی ہیں جن میں قابلِ ذکر فلمیں ’’نکاح‘‘، ’’انصاف کا ترازو‘‘، ’’پتی پتنی اور وہ‘‘، ’’ہمراز‘‘، ’’گمراہ‘‘، ’’سادھنا‘‘ اور ’’قانون‘‘ ہیں۔ اس میں سے ہر ایک فلم سماج کے سلگتے مسئلہ پر مبنی تھی۔
1998ء میں فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ ’’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘‘سے نوازے گئے۔ فلم فیئر نے ان کی خدمات کے عوض ’’فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ سے نوازا۔ 1960ء میں بنی ان کی فلم ’’قانون‘‘ میں فلم فیئر نے انہیں بہترین ہدایات کار کا ایوارڈ بھی دیا۔
94 سال کی عمر میں 5 نومبر 2008ء کو ممبئی میں انتقال کرگئے۔