وکی پیڈیا کے مطابق عمر شریف (Omar Sharif) مشہور مصری اداکار 10 اپریل 1932ء کو اسکندریہ، مصر میں پیدا ہوئے۔
ہالی ووڈ کی کئی ایک کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر عالمی شہرت حاصل کرنے والے یہ فن کارمصر کے بندرگاہی شہر اسکندریہ میں لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے ایک مسیحی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 1953ء میں خوب صورت اداکارہ ’’فاتن حمامہ‘‘ کے ساتھ مل کر ایک فلم میں کام کیا۔ اداکارہ سے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کیا تھا اور اپنا نام، جو تب تک ’’مِشیل دمتری شالُوب‘‘ تھا، بدل کر عمر شریف کر لیا۔ اِس شادی سے اُن کا ایک بیٹا ہوا، جس کا نام طارِق ہے ۔
عمر شریف نے 1962ء میں پہلی مرتبہ ایک انگریزی فلم میں کام کیا۔ یہ تھی لارنس آف عربیہ، جس کے لیے بہترین معاون اداکار کے آسکر ایوارڈ سے نوازے گئے۔ تین سال بعد ’’ڈاکٹر شِواگو‘‘ میں کام کیا اور یوں عالمی شہرت کی دہلیز پر قدم رکھا۔ یہ تھی وہ فلم، جس میں عمر شریف کی اداکاری آج بھی لوگوں کے دلوں پر نقش ہے۔