معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "brittanica.com” کے مطابق سر آئزک نیوٹن (Sir Isaac Newton) مشہور انگریز طبیعیات دان، ریاضی دان، ماہرِ فلکیات، فلسفی اور کیمیادان 31 مارچ 1727ء کو انتقال کرگئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق 4جنوری 1643ء کو ’’وولزتھورپ مانور‘‘ (Woolsthorpe Manor House, United Kingdom) میں پیدا ہوئے۔ نیوٹن کا شمار تاریخ کی انتہائی اہم شخصیات میں ہوتا ہے ۔1687ء میں چھپنے والی ان کی کتاب ’’قدرتی فلسفہ کے حسابی اصول‘‘سائنس کی تاریخ کی اہم ترین کتاب مانی جاتی ہے جس میں ’’کلاسیکی میکینکس‘‘ کے اصولوں کی بنیاد رکھی گئی۔ اسی کتاب میں نیوٹن نے کششِ ثقل کا قانون اور اپنے تین قوانینِ حرکت بتائے ۔ یہ قوانین اگلے 3سو سال تک طبیعیات (Physics) کی بنیاد بنے رہے ۔
نیوٹن نے ثابت کیا کہ زمین پر موجود اجسام، سیارے اور ستارے ایک ہی قوانین کے تحت حرکت کرتے ہیں۔ اس نے اپنے قوانینِ حرکت اور کیپلر کے قوانین کے درمیان مماثلت ثابت کر کے کائنات میں زمین کی مرکزیت کے اعتقاد کو مکمل طور پر ختم کر دیا اور سائنسی انقلاب کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔ اس کے علاوہ مسیحیت کے مشہور ’’ٹرینیٹی‘‘ نظریے کو رد کر دیا۔