وکی پیڈیا کے مطابق محمد رفیق تارڑ (Muhammad Rafiq Tarar) پاکستان کے نویں صدر 7 مارچ 2022ء کو طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے۔
2 نومبر 1929ء کو پیر کوٹ نزد گکھڑ منڈی (تحصیل وزیر آباد، ضلع گوجرانوالا) میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق جٹوں کے تارڑ قبیلہ سے تھا۔ 1955ء میں لاہور ہائیکورٹ میں بطورِ وکیل پریکٹس شروع کی اور 1966ء میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج بنائے گئے۔ 1971ء میں پنجاب لیبر کورٹ، لاہور کے چیئرمین بنے۔ 1974ء میں لاہور ہائی کورٹ بنچ میں شامل ہوئے اور 1980ء میں الیکشن کمیشن کے رکن بنے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کیا۔ سینیٹر بننے کے بعد انہوں نے ایک مقامی اُردو اخبار میں کالم نگاری بھی کی۔ 6 مارچ 1989ء سے 1991ء تک لاہور ہائیکورٹ کے 28ویں چیف جسٹس رہے۔ بعد ازاں 17 جنوری 1991ء سے یکم نومبر 1994ء تک سپریم کورٹ کے جج رہے۔ 1997ء میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر سبک دوش ہونے کے بعد 65 سال کی عمر میں نواز شریف کے قانونی مشیر کی حیثیت سے کام شروع کیا اور یوں ان کی سیاست میں آمد ہوئی۔اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔