ودیعہ یعنی امانت اُس مال یا سامان کو کہتے ہیں جو کسی کے پاس بطورِ امانت رکھا جائے۔ جس کے پاس امانت رکھی جائے، اُس کو مودَع یعنی امانت دار یا امین کہتے ہے۔ مال یا سامان کے مالک کو مودِع یعنی امانت دہندہ یا امانت گزار کہتے ہیں۔ مثلاً: اگر زید نے عبد اللہ کے پاس ایک ہزار روپے بطورِ امانت رکھے، تو زید امانت دہندہ یا امانت گزار، عبد اللہ امانت دار یا امین اور ایک ہزار روپے امانت کہلائیں گے۔
اسلام نے ہر عملِ خیر کے کرنے کی ترغیب اور ہر عملِ شر سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ عملِ خیر میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنا مال یا سامان کسی شخص کے پاس بطورِ امانت رکھنا چاہے، تو امین کو چاہیے کہ اگر وہ اُس مال یا سامان کی حفاظت کرسکتا ہے، تو ساری انسانیت کے نبی حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سنت کے مطابق اُس مال یا سامان کو بطورِ امانت رکھ کر اپنے بھائی کی مدد کرے۔ غرض یہ کہ شریعتِ اسلامیہ نے ہمیں اپنے پاس امانت رکھنے اور امانت دہندہ کے مطالبہ پر واپس کرنے کی خصوصی تعلیمات دی ہیں۔ کیوں کہ اس کے ذریعے آپس میں میل جول، محبت اور ایک دوسرے پر بھروسا پیدا ہوتا ہے، جو ایک اچھے معاشرے کے وجود کا سبب بنتا ہے۔
حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس صحابۂ کرام حتیٰ کہ کفارِ مکہ بھی اپنی امانتیں رکھا کرتے تھے۔ آپ اس ذمے داری کو بحسن و خوبی انجام دیا کرتے تھے۔چناں چہ آپ کی امانت داری کو دیکھ کر نبوت سے قبل ہی آپ کو امین کے لقب سے نوازا گیا۔ آپ نے جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کرنے کا ارادہ فرمایا، تو آپ کے پاس لوگوں کی جو امانتیں رکھی ہوئی تھیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کو امانت دہندوں تک پہنچانے کی ذمے داری عطا فرمائی اور مدینہ منورہ کے لیے ہجرت فرما گئے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ، آپ کے بستر پر ہی سوئے، تاکہ صبح آپ کی نیابت میں ساری امانتیں لوگو ں کو واپس کردیں ا ور کسی شخص کو یہ شبہ بھی نہ ہو کہ نعوذ باللہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم امانتیں لے کر چلے گئے۔
قرآن وحدیث میں امانت اور اس کے احکام کے متعلق متعدد مرتبہ ذکر آیا ہے۔ چند آیات و احادیث کا ترجمہ پیش ہے: یقینا اللہ تعالا تمھیں حکم دیتا ہے کہ تم امانتیں ان کے حق داروں کو پہنچاؤ۔ (سورۃ النساء 58)
ہاں اگر تم ایک دوسرے پر بھروسا کرو، تو جس پر بھروسا کیا گیا ہے، وہ اپنی امانت ٹھیک ٹھیک ادا کردے۔ (سورۃ البقرۃ 283)
اے ایمان والو! اللہ اور رسول سے بے وفائی نہ کرنا اور نہ جان بوجھ کر اپنی امانتوں میں خیانت کے مرتکب ہونا۔ (سورۃ الانفال 27)
اور جو اپنی امانتوں اور عہد کا پاس رکھنے والے ہیں…… یہ وہ لوگ ہیں جو جنتوں میں عزت کے ساتھ رہیں گے۔ (سورۃ المعارج 32)
اسی طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ امانت کے طور پر رکھی شے کو واپس کرنا چاہیے۔ (ترمذی، ابو داود، ابن ماجہ)
قرآن وحدیث کی روشنی میں امتِ مسلمہ کا اتفاق ہے کہ کسی کا مال یا سامان بطورِ امانت اپنے پاس رکھنا باعث اجر وثواب ہے۔
اللہ تعالا کا ارشاد ہے: نیکی اور تقوا میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرو۔ (سورۃ المائدۃ 2)
نیز آپ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالا بندے کی مدد کرتا رہتا ہے، جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے۔ (مسلم)
قرآن و حدیث میں وضاحت اور اجماعِ امت کے ساتھ انسانی زندگی کا تقاضا بھی ہے کہ امانت رکھنے اور لینے کی اجازت دی جائے۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اگر ہمارا کوئی بھائی یا دوست یا پڑوسی اپنا مال یا سامان بطورِ امانت ہمارے پاس رکھنا چاہتا ہے اور ہم اس ذمے داری کو انجام دے سکتے ہیں، تو ہمیں اپنے نبی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اس کے مال یا سامان کو اپنے پاس بطورِ امانت رکھ لینا چاہیے اوراِن شاء اللہ اس عملِ خیر پر اللہ تعالا کی جانب سے اجرِ عظیم ملے گا۔
عمومی طور پر کسی کا مال یا سامان اپنے پاس بطورِ امانت رکھنا ایک مستحب عمل ہے جو باعثِ اجر وثواب ہے۔ البتہ بعض حالات میں امانت رکھنا واجب ہوجاتا ہے۔ مثلاً: کسی شخص کا مال غیر محفوظ ہے اور آپ کی امانت میں اس کے مال یا سامان کی حفاظت ہوسکتی ہے اور کوئی دوسرا ذمہ دار شخص موجود نہیں، تو آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس شخص کے مال وسامان کو اپنے پاس بطورِ امانت رکھ لیں،تاکہ اس شخص کا مال یا سامان محفوظ ہوسکے۔ اگر آپ امانت کی حفاظت نہیں کرسکتے، تو آپ کے لیے بہتر ہے کہ آپ کسی کی امانت اپنے پاس نہ رکھیں۔ اگر کوئی سامان یا رقم بطورِ امانت رکھ دی گئی، تو اس پر متعدد احکام مرتب ہوں گے، ان میں بعض اہم حسب ذیل ہیں:
٭ مال یا سامان امین کے پاس بطورِ امانت رہے گا۔
٭ امین کو حتی الامکان امانت یعنی ودیعہ کی حفاظت کرنی چاہیے۔
٭ امانت دہندہ اپنا مال یا سامان کسی بھی وقت واپس لے سکتا ہے۔
٭ امین، امانت کو کسی بھی وقت واپس کرسکتا ہے۔
٭ امین، امانت کی حفاظت یا اس کی بقا کے لیے جو رقم خرچ کرے گا، وہ امانت دہندہ کو برداشت کرنی ہوگی۔ مثلاً: جانور امانت میں رکھا گیا، تو جانور کے چارہ وغیرہ کا خرچہ، نیز اگر مکان امانت میں رکھا گیا، تو اس کی بجلی، پانی وغیرہ کے مصارف اور اسی طرح اگر مکان کی حفاظت کی غرض سے کچھ کام کروایا گیا، تواس کے مصارف امانت دہندہ کو برداشت کرنے ہوں گے۔
٭ امین کے لیے جایز ہے کہ وہ امانت کی حفاظت کے لیے اپنی اجرت کی شرط لگائے۔ اگر اجرت طے ہوئی ہے، تو امانت دہندہ کو اجرت ادا کرنی ہوگی۔ ہاں! اگر اجرت طے نہیں ہوئی، لیکن امانت کی حفاظت کے لیے امین کو اپنی زمین کا قابلِ ذکر حصہ استعمال کرنا پڑ رہا ہے، تو جمہور علما کی رائے ہے کہ وہ اس کا کرایا لے سکتا ہے۔ لیکن امانت رکھنے میں اصل اپنے بھائی یا پڑوسی یا دوست کی خیر خواہی اور بھلائی مطلوب ہوتی ہے۔ لہٰذا شروع ہی میں یہ معاملہ طے ہوجائے، تو زیادہ بہترہے، تاکہ بعد میں کسی طرح کا کوئی اختلاف رونما نہ ہو۔ اجرت لینے کی صورت میں بھی جمہور علما کی رائے ہے کہ بطورِ امانت رکھا ہوا مال یا سامان اگر امین کی خیانت کے بغیر ضایع ہوگیا یا اس میں کچھ نقصان ہوگیا، تو امین پر کسی طرح کا کوئی مواخذہ نہیں ہوگا۔ امین کو چاہیے کو وہ امانت سے کوئی فایدہ نہ اٹھائے۔ ہاں، اگر امین نے امانت دہندہ سے امانت میں رکھی ہوئی شے سے استفادہ کرنے کی اجازت لی ہے، تو پھر کوئی حرج نہیں۔ اگر امین کے بے جا تصرف کی وجہ سے امانت میں نقصان ہوا ہے، توامین اس کا ذمے دار ہوگا۔
قرآن وحدیث کی روشنی میں خیر القرون سے عصرِ حاضر تک پوری امتِ مسلمہ کا اتفاق ہے کہ امانت میں رکھا ہوا مال یا سامان امین کے پاس بطورِ امانت ہوگا۔ چناں چہ اگر مال یا سامان امین کی کوتاہی کے بغیر ضایع ہوگیا، یا اس میں کچھ نقصان آگیا، تو امین پر کسی طرح کا کوئی مواخذہ نہیں ہوگا۔ حضورِاکرم نے ارشاد فرمایا: اگر کسی شخص کے پاس امانت رکھی گئی، تو وہ اس پر لازم نہیں ہوگی یعنی اگر امین کی کوتاہی کے بغیر امانت ضایع ہوگئی یا اس میں کچھ نقصان ہوگیا، تو امین پر کوئی تاوان نہیں ہوگا۔ (سنن ابن ماجہ)
اسی طرح حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’اگر امانت ضایع ہوجائے یا اس میں نقصان ہوجائے اور امین نے کوئی خیانت بھی نہیں کی، تو امین پر اس کا کوئی تاوان نہیں۔ (ابن ماجہ، بیہقی، دار قطنی)
اسی طرح آپ نے ارشاد فرمایا: ’’امانت دار پر امانت کے تلف یا اس میں نقصان ہونے پر کوئی تاوان نہیں۔‘‘ (بیہقی)
حضرت ابوبکر صدیق، حضرت عمر فاروق، حضرت علی مرتضیٰ، حضرت عبداللہ بن مسعود اورحضرت جابر رضی اللہ عنہم سے بھی یہی منقول ہے کہ امانت امین کے ہاتھوں میں بطورِ امانت ہوا کرتی ہے، یعنی اگر وہ امین کی کوتاہی کے بغیر ضایع ہوجائے یا اس میں کوئی نقصان ہوجائے، تو امین پر اس کا کوئی تاوان نہیں ہوگا۔ عقل بھی یہی کہتی ہے کہ جس کے پاس امانت رکھی گئی ہے اور اس نے لوجہ اللہ امانت اپنے پاس رکھی ہے، تو نقصان کی صورت میں امین کیوں ذمے دار بنے گا؟ اگر امین کو ذمے دار بنا دیا گیا، تو کوئی بھی امانت رکھنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔ پھر سارے لوگ اس خیر خواہی کے عمل سے محروم ہوجائیں گے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں مشہور ومعروف چاروں آیمہ اور دیگر محدثین ومفسرین وعلمائے کرام کی بھی یہی رائے ہے۔ اگر امانت دہندہ یہ دعوا کرے کہ امین کے بے جا تصرف کی وجہ سے امانت ضایع ہوئی ہے، تو جمہور علما کی رائے ہے کہ امین سے قسم لی جائے گی کہ اُس نے امانت میں کوئی زیادتی یا کوتاہی تو نہیں کی، اور امین کے قسم کھانے پر اس کے حق میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔ اس لیے کہ وہ امین ہے، اللہ تعالا نے ودیعہ کو امانت سے تعبیر کیا ہے۔ لہٰذا اصل میں اس کو بری الذمہ ہی قرار دیا جائے گا۔ الا یہ کہ متعدد شواہد اس کے جھوٹ پر واضح طور سے دلالت کریں۔
خالقِ کاینات کے حکم سے رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا حکم صادر فرمایا ہے جس میں معاشرہ کی خیر خواہی ہے۔ کیوں کہ امین، خدمتِ خلق کے لیے امانت کو اپنے پاس رکھتا ہے۔ اگر امین کو ضامن قرار دیا جائے، تو لوگ امانت رکھنے سے ہی اجتناب کریں گے جس میں عام لوگوں کا ضرر ہے۔ نیز یہ عمومی مصلحتوں کے خلاف بھی ہے۔ تمام فقہا کا اتفاق ہے کہ امانت میں رکھی ہوئی شے کے منافع امانت دہندہ ہی کو ملیں گے۔ مثلاً: جانور امانت میں رکھا تھا۔ بچہ کی ولادت ہوگئی۔ اسی طرح امانت میں رکھے ہوئے باغ کے پھل، نیز زمین امانت میں رکھی تھی۔ اس کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا،وغیرہ وغیرہ۔
امانت دہندہ (امانت گزار) اور امانت دار (امین ) میں چند شرطوں کا پایا جانا ضروری ہے، جس میں بنیادی دو شرطیں یہ ہیں کہ دونوں عاقل اور بالغ یا باشعور ہوں۔ اگر امین کا انتقال ہوگیا، تو اس کے ورثا پر لازم ہے کہ امانت یعنی ودیعہ امانت دہندہ کو واپس کریں۔ امین کے کسی لمبے سفر پر جانے کی صورت میں امین کو چاہیے کہ وہ امانت، امانت دہندہ کو واپس کرکے جائے۔ اگر اس وقت امانت دہندہ نہ ملے، تو کسی شخص کو مکلف کردے کہ وہ امانت کو امانت دہندہ کے حوالہ کرے۔ کیوں کہ آپ نے جب مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ ہجرت کرنے کا ارادہ فرمایا، تو آپ نے حضرت علی کو ان تمام امانتوں کو ان کے مالکین تک واپس کرنے کی ذمے داری دی تھی۔ ہاں اگر امانت دہندہ امین کے سفر کے باوجود امانت کو اس کی امانت میں رکھنے پر راضی ہے، تو کوئی حرج نہیں۔
امانت دہندہ کو چاہیے کہ امانت کی واپسی پر امین کا شکریہ ادا کرے۔ کیوں کہ اس نے لوجہ اللہ یہ خدمت انجام دی ہے۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ جو انسانوں کاشکر ادا نہیں کرتا،وہ اللہ کا کیاشکر ادا کرے گا۔ (ترمذی)
اگر امانت دہندہ، امین کو کوئی ہدیہ بھی پیش کردے، تو بہتر ہے۔ آپ نے ارشاد فرمایا: اگر تمھارے ساتھ کوئی اچھا برتاو کرے، تو تم اس کو کچھ اپنی طرف سے پیش کردو۔ اگر تمھارے پاس ہدیہ دینے کے لیے کچھ بھی نہیں، تو تم اس کے لیے خوب دعائیں کرو۔ (ابو داود)
دوسری جانب امانت دار کو اُس پر کوئی احسان نہیں جتانا چاہیے بلکہ اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نقشِ قدم پر چل کر یہ عملِ خیر کیا ہے۔ لہٰذا اللہ تعالا سے اس عملِ خیر کے قبول ہونے اور اجر و ثواب کی دعا کرنی چاہیے۔
جس طرح امانت میں رکھی شے کی حفاظت کرنا امین کی ذمے داری ہے، اُسی طرح یہ دنیاوی فانی زندگی، مال واولاد ہمارے پاس اللہ تعالا کی امانتیں ہیں۔ لہٰذا ہمیں ہمیشہ ان عظیم امانتوں کی صحیح ادائی کی فکر کرنی چاہیے۔ اللہ ارشاد فرماتا ہے: ہم نے یہ امانت آسمانوں اور زمین اور پہاڑوں پر پیش کی، تو انھوں نے اس کے اٹھانے سے انکار کیا اور اس سے ڈر گئے اور انسان نے اس کا بوجھ اٹھالیا۔ (سورۃ الاحزاب 72 )
اپنی اُخروی زندگی کی تیاری کے ساتھ اپنے بچوں اور ماتحتوں کے مرنے کے بعد کی زندگی کی بھی تیاری کی فکر کرنا ہماری ذمے داری ہے، جس کے متعلق قیامت کے دن ہم سے پوچھا جائے گا۔ اگر ہم ملازمت کررہے ہیں، تو کام کے اوقات ہمارے لیے بطورِ امانت ہیں۔ لوگوں سے جو ہم عہد وپیمان کرتے ہیں، وہ بھی ہمارے پاس بطورِ امانت ہیں۔ اگر کسی شخص نے اپنے راز کی باتیں ہمیں بتائی ہیں، تو وہ بھی ہمارے پاس بطورِ امانت ہیں۔ ان کا پورا کرنا ہماری شرعی واخلاقی ذمے داری ہے۔ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جب امانتوں میں خیانت ہونے لگے، تو بس قیامت کا انتظار کرو۔ (بخاری)
اسی طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: منافق کی تین علامتیں ہیں: جھوٹ بولنا، وعدہ خلافی کرنا اور امانت میں خیانت کرنا۔ (بخاری ومسلم)
اللہ تعالا ہم سب کو امانتوں کی حفاظت کرنے والا بنائے اور ہمیں امانت دہندہ تک صحیح سالم امانت لوٹانے والا بنائے، آمین۔
…………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna[email protected] یا [email protected] پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔