روح الامین نایابؔ سوات کے ان معدودے چند ادیبوں اور شاعروں میں شامل ہیں جو اپنی مادری زبان پشتو کے ساتھ ساتھ قومی زبان اُردو میں بھی علم و ادب کی قندیل فروزاں کیے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ نایابؔ صاحب ایک مقامی اخبار میں اپنے ادبی اور سیاسی کالموں کے لیے بھی اچھی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ مقامی، قومی اور بین الاقوامی حالات پر ان کے بصیرت افروز تجزیے تو پڑھنے سے تعلق رکھتے ہی ہیں…… لیکن مجھے ان کے ادبی کالم اس حوالے سے زیادہ اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ وہ سوات اور پختون خوا کے شاعروں اور ادیبوں کی کتابوں اور ان کی ادبی سرگرمیوں کے بارے میں ہوتے ہیں۔ یہ ادبی خدمت موصوف ایک طویل عرصہ سے انجام دیتے چلے آ رہے ہیں اور اس حوالے سے ان کے رَشحاتِ قلم محدود معنوں میں سوات کی ادبی تاریخ بھی رقم کر رہے ہیں۔
’’گلستانِ کالم‘‘ روح الامین نایابؔ کے مذکورہ علمی و ادبی کالموں کا مجموعہ ہے۔ اس میں انھوں نے نہ صرف سوات سے تعلق رکھنے والے ادیبوں اور شاعروں کی اُردو اور پشتو زبان میں شایع ہونے والی کتابوں پر سیر حاصل تبصرے کیے ہیں…… بلکہ خیبر پختون خوا کے دوسرے علاقوں کے تخلیق کاروں کی تصنیفات کو بھی نقد و نظر کے عمل سے گزارا ہے۔ موصوف کی خوبی یہ ہے کہ وہ پوری کتاب پڑھ کر ہی اس پر تبصرہ کرتے ہیں…… اور خامی یہ ہے کہ وہ ہر کتاب کے ادبی محاسن کو ہی مدِنظر رکھتے ہیں۔ ان کے تبصروں میں ادبی تنقید خال خال نظر آتی ہے۔ اگر کتابوں پر تبصرہ کرتے وقت ان کی ادبی اور فنی کم زوریوں کو بھی زیرِ بحث لایا جائے، تو اس طرح نہ صرف ادبی تنقید کے تقاضے پورے ہوتے ہیں…… بلکہ اس کی وجہ سے زیرِ تبصرہ ادیبوں اور شاعروں کو اپنی ادبی تخلیقات کی خوبیوں کے ساتھ ان کی خامیوں سے بھی آگاہی حاصل ہوتی ہے اور یوں آیندہ کے لیے ان کی تحریروں میں مزید نکھار آجاتا ہے۔
بہ حیثیتِ مجموعی زیرِ تبصرہ کتاب میں شامل علمی و ادبی کالموں کا اُسلوب بہت معیاری ہے اور جن کتابوں اور مصنفین کو زیرِ بحث لایا گیا ہے، مستقبل میں ان پر تحقیقی کام کرنے والے ادب کے طالب علموں کو ابتدائی حوالہ جاتی مواد آسانی سے میسر آسکے گا…… اور روح الامین نایابؔ صاحب کی ان ادبی خدمات کو سوات کی ادبی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے یاد رکھا جائے گا۔
کالموں کا یہ خوب صورت مجموعہ ’’شعیب سنز پبلشرز اینڈ بک سیلرز‘‘ نے نہایت اہتمام کے ساتھ شایع کیا ہے۔ اسے پشاور میں یونیورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار، اسلام آباد میں سعید بک بینک جناح سپر مارکیٹ، لاہور میں المیزان ناشران و تاجران کتب اُردو بازار اور کراچی فضلی سنز (بک سپر مارکیٹ) اُردو بازار سے طلب کیا جاسکتا ہے۔
………………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔