ٹماٹر کا شمار پھل اور سبزی دونوں میں ہوتا ہے مگر نباتاتی حیثیت سے ٹماٹر ایک پھل ہے۔ ٹماٹر سبزیوں اور پھلوں کی طرح مفید غذا ہے۔ اس میں فولاد ، وٹامنز اور منرلز پائے جاتے ہیں۔ ٹماٹر میں جراثیم کش خاصیت کے حامل اور پٹھوں کو طاقت دینے والے تین اقسام کے ترشی میلک ایسڈ ، سٹرک ایسیڈ اور فاسفورس بھی پایا جاتا ہے۔ ٹماٹر کو سالن کا سردار بھی کہا جاتا ہے۔ مزاج کے اعتبار سے سرد تر ہے ۔ قبض کشا ہے اور خون کو صاف کرتا ہے۔
لائکوپین’’ Lycopene ‘‘ نامی مادہ جو کہ کینسر کے خلیوں کو بننے سے روکتا ہے، انسانی جسم لائکوپین پیدا نہیں کرتا، لیکن ٹماٹر لائکوپین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ٹماٹر کا جوس لائکوپین سے بھرپور ہوتا ہے۔ ٹماٹر میں موجود لال مادے کو لائکوپین کہتے ہیں۔ لائکوپین ایک قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ لائکوپین تمام اقسام کے کینسر کے خلاف مزاحمت کرتا ہے جبکہ پہلے سے موجود سرطان کے خلیوں کو بھی ختم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ پانچ سو ملی لیٹر ٹماٹر کا جوس لائکوپین کا خزانہ ہے۔ بیٹاکیروٹین نامی اینٹی آکسیڈنٹ سے لائکوپین دوگنا اثر رکھتا ہے۔ ہارڈور یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق ہفتہ میں دس بارہ ٹماٹر کھانے سے کینسر کا خطرہ 45 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹ ان مالیکیول کو کہا جاتا ہے جو دوسرے مالیکیول کی آکسیڈیشن کے عمل کو روکتا ہے۔ آکسیڈیشن ایک کیمیائ ردعمل ہوتا ہے۔ یہ فری ریڈیکلز پیدا کرتا ہے جوکہ جسم کے خلیوں میں تغیر پیدا کرکے خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔  اینٹی آکسیڈنٹ خلیوں کے نقصان کے عمل کو روکتا ہے۔ وٹامن سی ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو ٹماٹر میں چالیس فیصد تک پایا جاتا ہے۔ فری ریڈیکلز خلیات کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ ٹماٹر ان فری ریڈیکلز کو اعتدال پر لاتا ہے۔
ٹماٹر تولیدی صحت کے لئے کرشماتی اثرات رکھتا ہے اور مَردوں کے مادہ منویہ (سپرم) میں ستر فیصد تک اضافہ کرسکتا ہے۔ ٹماٹر میں موجود وٹامن اے، وٹامن ڈی اور کیلشیم نظر کی کمزوری دور کرتا ہے اور ہڈیوں کی مرمت کرکے مضبوط بناتا ہے۔ کرومیم کی موجودگی سے شگر لیول درست رکھتا ہے اور انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے۔ ٹماٹر میں وٹامن بی اور فٹو کمپاؤنڈ کی موجودگی سے برے کولیسٹرول (LDH) پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اس سے امراض قلب اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ یہ معدہ اور آنتوں، قولون اور غدود کے کینسر کے خطرہ کو کم کرتا ہے۔ ناشتہ سے پہلے دو ٹماٹر کھانا وزن میں خاطر خواہ کمی لا سکتا ہے۔ دانت نکلنے والے بچوں کو ٹماٹر کا جوس پلانے سے دانت آسانی سے نکل آتے ہیں ۔ دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے ٹماٹر کا استعمال ماں اور بچے دونوں کے لئے سودمند اور مفید ہوتا ہے۔
100گرام ٹماٹر 18 کلو کیلیوریز غذایت فراہم کرتا ہے۔ اس میں کاربوہائڈریٹس 3.9گرام، شگر 2.6 گرام، میگنیشیم 11 ملی گرام، فاسفورس 24ملی گرام، پوٹاشیم 237ملی گرام، وٹامن سی 14ملی گرام، وٹامن ای 0.54 ملی گرام، وٹامن بی ون 0.37 ملی گرام، وٹامن بی تین 0.594 ملی گرام اور %18 وٹامنز موجود ہوتے ہیں۔
زکام ،بلغم کی کثرت ، سینے اور گلے کے امراض اور گردوں میں پتھری کی شکایت کرنے والے افراد کیلئے ٹماٹر مفید نہیں ہے۔ کچا ٹماٹر کھانے کے بعد پانی ہرگز نہ پئیں ۔ ٹماٹر کو سالن، سلاد یا جوس میں، جیسے پسند ہو استعمال کریں اور صحت مند رہیں۔