تاج چوک میں قتل ہونے والے حاجی نواب کا قاتل گرفتار، ملزم کے خلاف تھانہ مینگورہ رپورٹ درج کر دی گئی، مزید معلومات جاری۔
تھانہ مینگورہ میں ڈی ایس پی سرکل سیدو شریف عطاء اللہ خان نے ایس ایچ اُو حبیب سید خان اور انوسٹی گیشن آفیسر مشرف خان میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مورخہ 30 مارچ 2023ء کو مسماۃ سلمیٰ دختر امیرمشال، تاج چوک مینگورہ کی رہایشی نے رپورٹ کی کہ سال 2014ء میں میرے بھائی متوفی حاجی نواب نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنی بیوی کو طلاق دی۔ اس کے دو بچے جن کی عمریں 8 اور 9 سال بالترتیب ہیں، بقیدِ حیات ہمارے ساتھ رہایش پذیر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میرا بھائی مکہ ماڈل سکول شریف آباد میں پرنسپل تھا۔ وہ جعلی عامل عباس علی ولد فضل حسین ساکن محلہ حاجی محمداسحاق مینگورہ سے دم درود اور جنات کے ذریعے اپنا علاج کرتاتھا۔ ملزم جعلی عامل عباس علی میرے مرحوم بھائی کو بتاتا تھا کہ آپ کی قسمت بند ہے اور مَیں اس کا تالا کھول سکتا ہوں۔ وہ میرے بھائی سے سونا اورنقدرقم بٹورتا رہا۔ مورخہ 8 مارچ 2023ء کو بوقت 1: 30 بجے عباس نامی جعلی عامل نے ہمارے گھر واقع تاج چوک آکر میرے بھائی کا بذریعہ جنات اور جعلی عملیات پانی پر دم درود کرکے کچھ زہریلی شے پلا کر اُسے کمرے کے اندر بند کردیا اور اہلِ خانہ کو ہدایت کی کہ اس کو اُلٹیاں ہوں گی لیکن آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ کچھ دیر بعد میرے بھائی کو اُلٹیاں اور قے آنا شروع ہوا جس سے وہ فوت ہوگیا۔ ہمارے اہلِ خانہ نے ملزم عباس کو فون کرکے صورتِ حال سے آگاہ کیا، تو جعلی عامل نے انھیں دھمکی دی کہ اگر کسی کو میرے بارے میں بتایا، تو جنات آپ کو قتل کردیں گے ۔
مدعیہ کے مطابق قبل ازیں جعلی عامل عباس علی نے مدعیہ کے دوسرے بھائی قیصر نواب جو پیشے کے لحاظ سے وکیل تھا، کو بھی اسی طرح جعلی عملیات کے ذریعے قتل کیا تھا۔ مدعیہ نے اپنے بھائی مقتول حاجی نواب کو زہریلی شے پلانے کے ذریعے قتل کرنے کی جعلی عامل عباس پر دعوے داری کی۔ مدعیہ کی مدعیت میں مقدمہ علت 300 مورخہ 30 مارچ 2023ء جرم 302-506 تھانہ مینگورہ درج کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی نے وقوعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اُو سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے ایس پی انوسٹی گیشن شاہ حسن خان کی سربراہی میں سپیشل انوسٹی گیشن/ انٹاروگیشن ٹیم تشکیل دی۔ ڈی پی اُو سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے سپیشل ٹیم کو سختی سے ہدایت کی کہ وقوعہ کے اصل حقائق اور ملزم کی پشت پناہی کرنے والے ملزمان کو ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی عامل ملزم عباس کو گرفتار کرلیا۔